ریو دی جنیریو،12؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)دنیا کے 11ویں نمبر کے کھلاڑی کدامبی سری کانت نے ریو اولمپکس کے مرد سنگل بیڈمنٹن کے اپنے پہلے میچ کے دوسرے گیم میں میکسیکو کے لینو منوج سے ملے سخت چیلنج سے ابھرتے ہوئے براہ راست کھیل میں میچ جیت لیا ۔گروپ ایچ کے میچ میں سری کانت نے دنیا کے 85ویں نمبر کے کھلاڑی منوج کو 41منٹ چلے مقابلے میں 21-11، 21-17سے شکست دی۔سری کانت بیڈمنٹن سنگل میں حصہ لے رہے ہندوستان کے واحد مرد کھلاڑی ہیں۔اس سے پہلے سائنا نہوال اور پی وی سندھو نے بھی خواتین کے سنگلز میں اپنے پہلے میچ جیت لئے جبکہ جوالہ گٹا-اشونی پونپپا(خواتین ڈبلز)اور مانو اتری بی سمت ریڈی(مرد ڈبلز)کی جوڑیو کو اپنے گروپ کے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔دو سال پہلے بیڈمنٹن کے سپر اسٹار لن ڈین کو شکست دے کر چائنا اوپن کا خطاب جیتنے والے ہندوستانی کھلاڑی کو میکسیکو کے حریف نے دوسرے گیم میں سخت ٹکر دی۔میکسیکو کے کھلاڑی کو ناظرین کی کافی حمایت ملی۔پہلا گیم آسانی سے جیتنے کے بعد دوسرے گم میں سری کانت نے آغاز میں 6-2کی برتری حاصل کر لی لیکن میکسیکو کے کھلاڑی نے اسکور برابر کر دیا اور پھر 8-6سے آگے ہو گیا۔اس کے بعد سری کانت نے واپسی کرکے اسکور برابر کر لیا اور بریکوں کے وقت 11-9کی برتری حاصل کر لی لیکن مخالف کھلاڑی کی سروس پر کئی خراب واپسی کی وجہ سے وہ 11-12سے پھر پیچھے ہو گئے۔اس کے بعد اسکور 13-13سے برابر ہو گیا پھر منوج نے 16-13سے برتری حاصل کر لی۔سری کانت نے پھر اسکور 16-16کر لیا۔اس کے بعد وہ 16-17سے پیچھے ہو گئے اور پھر اپنے مخالف پر اسکور 17-17کر لیا۔
اس کے بعد ہندوستانی کھلاڑی نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور 19-17سے برتری حاصل کر لی جس کے بعد ان کے مخالف نے نیٹ پر شاٹ مار کر انہیں ایک اور پوائنٹس کی برتری دلا دی۔اس کے بعد اگلا پوائنٹس سری کانت کے کھاتے میں گیا اور انہوں نے مقابلہ جیت لیا۔دو دن کے آرام کے بعد سری کانت اب 14اگست کو گروپ ایچ کے اپنے دوسرے میچ میں دنیا کے 50ویں نمبر کے سویڈش کھلاڑی ہنری ہرسکینین سے بھڑیں گے۔